ہاکی ورلڈ کپ : ارجنٹینا کی سیمی فائنل امید برقرار

دی ہیگ (نیدرلینڈز) ، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹینا نے مینس ہاکی ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کا مقام حاصل کرنے کی امید برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے مقابل آج یہاں کیوسیرا اسٹیڈیم میں 3-1 کی شاندار جیت درج کرائی ہے۔ گونزالو پیلات کی جانب سے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے کی ہیٹ ٹرک نے نیوزی لینڈ کے خلاف ارجنٹینا کے چیلنج کو تقویت بخشی، جبکہ اس وقت تک کیویز گروپ B میں اپنے پہلے کے دو مقابلوں سے اعظم ترین چھ پوائنٹس حاصل کرکے سرفہرست تھے ۔ فرسٹ سیشن میں کوئی گول نہیں ہوا، جس کے بعد گونزالو نے 44 ویں منٹ میں اپنی پہلی پنالٹی کارنر اسٹرائک کے ساتھ کھاتہ کھولا،

لیکن صرف پانچ منٹ بعد اسٹیفن جنیس نے یکایک گول کرتے ہوئے اسکور مساوی کردیا۔ تاہم گونزالو نے 51 ویں اور 69 ویں منٹ میں پھر سے پنالٹی کارنر پر گول بناتے ہوئے ارجنٹینا کو اس کلیدی میچ سے تین پوائنٹس دلائے۔ اس دوران ہندوستان جو ابھی تک کوئی میچ جیت نہیں پایا، کل یہاں گرین فیلڈز اسٹیڈیم میں ملائیشیا کے خلاف جیت کی تیاری کررہا ہے۔ یہ گروپ A میں دو سب سے کمتر ٹیموں کے درمیان مقابلہ رہے گا۔ دریں اثناء ویمنس سیکشن میں امریکہ نے چین کے مقابل 5-0 کی زبردست جیت کے ساتھ سیمی فائنلس میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔ ایک دیگر میچ میں اولمپک چمپینس نیدرلینڈز نے نیوزی لینڈ کو 2-0 سے ہرا کر گروپ A میں ٹاپ پوزیشن پر آسٹریلیا کی برابری کرلی ہے۔