ہاکی ورلڈ لیگ کوارٹرفائنل میں ہندوستان کا بیلجیئم سے مقابلہ

بھونیشور۔6 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی سینئر مرد ہاکی ٹیم یہاں ہاکی ورلڈ لیگ فائنل کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا چکی ہے جہاں اس کا مقابلہ اچھی فارم میں کھیلنے والی پول اے کی سرفہرست کی ٹیم بیلجیئم سے ہوگا۔بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ورلڈ لیگ فائنل کے کوارٹر فائنل کی صف بندی مکمل ہو چکی ہے۔کوارٹر فائنل میں پول بی کی فاتح جرمنی کا میچ آخری آٹھ میں ہالینڈ سے ، ہندوستان کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا جبکہ عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم اسپین اور اولمپک چیمپئن ارجنٹینا کا میچ انگلینڈ سے کلنگا اسٹیڈیم میں ہوگا۔میزبان ہندوستانی ٹیم کا کوارٹرفائنل میں میچ بیلجیئم سے ہوگا جو پول اے میں سرفہرست ٹیم ہے ۔ بیلجیئم نے ہالینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی ہے جوگروپ میں چوتھے نمبر پر رہی۔اسپین نے دنیا کی نمبر ون ٹیم اور اولمپک چیمپئن ارجنٹینا کو حیرت زدہ کرتے ہوئے گروپ میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ہندوستانی ٹیم پول بی میں چوتھے نمبر پر رہی اور اس کا مقابلہ اب پول اے کی چوٹی کی ٹیم بیلجیئم سے ہوگا۔ کوارٹر فائنل مقابلے کراس اوور فارمیٹ میں کھیلے جا رہے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹورنمنٹ میں اچھی شروعات کی تھی لیکن پھر اسے اپنے آخری دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔