انٹورپ ( بلجیم ) 25جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دو غیر اطمینان بخش کامیابیوں کے بعد بار بار غلطی کرنے والے ہندوستان کو اپنے پہلے حقیقی امتحان کا سامنا رہے گا جب وہ کٹر حریف پاکستان کا ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلس کے کافی انتظار والے پول اے میچ میں کل یہاں مقابلہ کریں گے ۔ ایشین گیمس چمپئن ہندوستان اور چمپئنس ٹرافی کے سلور میڈلسٹ پاکستان کے درمیان اس مقابلہ نے ہیروں کے شہر انٹورپ میں دلچسپی بڑھادی ہے ۔ بار بار غلطی کرنے والے ہندوستانیوں کو 2016ء اولمپک گیمس کیلئے پہلے ہی کوالیفائی ہوجانے کا اطمینان حاصل ہے لیکن پاکستان نے کل کے برصغیر والے مقابلہ میں اپنی بھرپور توانائی جھونک دینے کا عزم کیا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں کیلئے اس ابتدائی پول میچ میں کامیابی سازگار کوارٹر فائنل ڈرا میں شامل ہونے کا راستہ فراہم کرے گی ۔ کل کا میچ برصغیر میں ہاکی کے دو حریفوں کے درمیان اُس کشیدہ مقابلہ کے بعد سے پہلا میچ ہے جو بھوبنیشور میں تلخی بھرا چمپئنس ٹرافی سیمی فائنل ثابت ہوا تھا ‘
جہاں فاتح پاکستانی ٹیم کی جانب سے میدان پر خوشی منانے کے دوران بعض مخصوص اشاروں کے نتیجہ میں چند معطلیاں ہوئی تھیں۔ اس واقعہ کے بارے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کچھ کشیدگی بدستور باقی ہے لیکن کل دونوں ٹیمیں برصغیر کے طرز کی ہاکی کو اُجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ اس مقابلہ سے قبل ہندوستان اور پاکستان دونوں کے اسٹرائیکرس نے غلطیوں بھرا کھیل کھیلا ہے ۔ ہندوستان نے اپنے دونوں ابتدائی مقابلے فرانس ( 3-2) اور پولینڈ (3-0) کے خلاف جیتے لیکن پال وان ایس کے لڑکوں نے بہت کم متاثر کیا ہے ۔ دوسری طرف پاکستان نے پولینڈ کو 2-1سے شکست دی جس کے بعد آسٹریلیا نے اس کی درگت بنادی ۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو کل شام منعقدہ مقابلہ میں ہاف ٹائم پر 1-1 سے برابر رہنے کے بعد 6-1 سے کراری شکست دے دی ۔ ہندوستانی کپتان سردار سنگھ نے کہا کہ اگرچہ اُن کا ریو اولمپک مقام طئے ہے لیکن وہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے ورلڈ لیگ فائنلس سے قبل کچھ مثبت نتائج پیش کرنا چاہتے ہیں ‘ جو اس سال کے ختم پر وطن میں منعقد شدنی ہے ۔ ہندوستان کے نئے چیف کوچ پال وان ایس کیلئے ہند۔ پاک میچ کا حصہ بننا بالکلیہ نیا تجربہ ہے ۔ سابق ولندیزی نیشنل کوچ وان ایس نے کہا کہ انڈیا ۔ پاکستان ہاکی میچ کا یہ میرے لئے پہلا تجربہ ہے لیکن دہلی میں 2010ء کے ورلڈ کپ کے دوران میں نے وہ جوش و خروش دیکھا ہے جو ایسے مقابلہ سے پیدا ہوتا ہے ۔