اینٹورپ ( بلجیم ) 4جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہالی کی عالمی چمپئن آسٹریلیائی ٹیم نے منس ہاکی ورلڈ کپ سیمی فائنلس کے ایک سخت مقابلے کے دوران برطانیہ کو ایک کے مقابلے تین سے شکست دیتے ہوئے فائنلس میں رسائی حاصل کرلی جہاں کل اس کا مقابلہ میزبان بلجیم سے ہوگا ۔ بلجیم کی ٹیم پہلے ہی کھیلے گئے ایک سیمی فائنل میں ہندستانی ٹیم کو صفر کے مقابلہ چار گول سے شکست دے کر فائنل می ںپہنچ چکی ہے ۔ برونز میڈل کیلئے ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان کل مقابلہ ہوگا ۔ ورلڈ لیگ میں فائنلس میں حصہ لینے والی تمام چار ٹیموں کو 2016ء کے اولمپکس میں رسائی حاصل ہوگئی ہے ۔ انچیون و (جنوبی کوریا) میں کھیلے گئے ایشین گیموں میں ہندوستانی ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے اولمپکس میں داخلہ کو یقینی بنالیا تھا ۔ آسٹریلیا نے آج کھیل کے 27ویں منٹ میں بلیک گوورس کے پنالٹی کارنر گول کے ساتھ اپنا کھاتہ کھولا تھا جس کے چھ منٹ بعد ہی برطانیہ کے نک کیٹلین نے ایک گول بناتے ہوئے آسٹریلیا کی سبقت کو ختم کردیا ۔ تاہم دو منٹ بعد ہی آسٹریلیا کے جونیئر ڈینئل بیال نے ایک گول بنایا ۔ 51ویں منٹ میں آسٹریلیا کیلئے جیکب ومیٹن کی طرف سے بنائے گئے گول نے برطانیہ کو کامیابی سے بہت دور کردیا ۔