ہاکی فائنل میں آسٹریلیا فاتح ہندوستان کو 0-4 سے شکست

گلاسگو۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کامن ویلتھ گیمس میں ہاکی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے ہندوستان کا خواب ادھورا رہ گیا کیونکہ ٹیم کو آج فائنل مقابلے میں عالمی چمپین آسٹریلیا کے مقابلے 0-4 سے شکست ہوگئی۔ اگرچہ دونوں ٹیمیں ایک مرحلے میں مساویانہ موقف کی حامل تھیں اور دونوں کیلئے مساوی مواقع حاصل تھے لیکن 8 مرتبہ اولمپک چمپین رہنے والی ہندوستانی ٹیم کو ایک اور طاقتور آسٹریلیا کے مقابلے شکست اُٹھانی پڑی۔ آسٹریلیا نے دونوں ہاف میں 2 ، 2 گولس بناتے ہوئے مسلسل پانچویں مرتبہ کامن ویلتھ گیمس کا ٹائٹل حاصل کیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ 1998ء میں ہاکی کو کامن ویلتھ گیمس میں متعارف کئے جانے کے بعد سے مسلسل وہ کامیابی حاصل کرتی آرہی ہے۔ کرس کریلو نے 13 ویں ، 29 ویں اور 48 ویں منٹ میں گول بناتے ہوئے آسٹریلیا کیلئے ہیٹ ٹرک کی جبکہ ایڈی اوکنڈن نے 51 ویں منٹ میں چوتھا اور آخری گول بنایا۔ ہندوستانی ٹیم آج توقع کے مطابق مظاہرہ میں ابتداء ہی سے ناکام رہی اور انہوں نے بعض مراحل پر اگرچہ کسی قدر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن آسٹریلیا نے انہیں حاوی ہونے کا موقع نہیں دیا۔