ہاکی انڈیا لیگ ، ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

نئی دہلی۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ فائنل کا انعقاد 8 تا 18 جنوری میجر دھیان چند نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہورہا ہے ، اس کیلئے ٹکٹوں کا آج فروخت عمل میں آیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ٹگٹیں آن لائین بھی حاصل کی جاسکتی ہیں جس کے لئے ویب سائیٹ wwww.ticketgenie.in ہے ۔ ہاکی انڈیا نے کہا ہے کہ ٹگٹوں کی قیمت عام عوام کے لئے 50 روپئے رکھی گئی ہے جبکہ وی آئی پی نشستوں کے لئے 1000 روپئے فی ٹگٹ مقرر کی گئی ہے لیکن ایک ٹگٹ حاصل کرتے ہوئے اُس دن منعقد ہونے والے تمام مقابلوں کا مشاہدہ بلا کسی رکاوٹ کے کیا جاسکتا ہے ۔

ناقص فیلڈنگ کے بعد انگلش ٹیم
سخت جدوجہد میں مصروف :ہاڈین
سڈنی ۔یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ایشیز سیریز میں 5-0 کی شکست سے خود کو محفوظ رکھنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین براڈ ہاڈین نے کیا ۔ ہاڈین کے بموجب اگر دیانتداری سے کہا جائے تو ملبورن ٹسٹ میں انگلش کھلاڑیوں کی جو فیلڈنگ رہی اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مہمان ٹیم بہتر موقف میں نہیں ہے اور رواں سیریز میں اسے 5-0 سے خود کو محفوظ رکھنا انتہائی سخت چیلنج ہے ۔ واضح رہے ملبورن ٹسٹ میں کپتان الیسٹر کک کے بشمول چند کھلاڑیوں نے آسان کیچ چھوڑے تھے ۔

ممبئی ، کولکتہ اور بنگلور کوارٹر فائنل مقابلوں کے میزبان
ممبئی۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے آج رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں پہونچنے والی ٹیموں کے فیصلے سے قبل ٹورنمنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے میزبان شہروں کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل مقابلے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم ، کولکتہ کے ایڈن گارڈنس ، وڈودرا کے موتی باغ گراؤنڈ اور بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ بی سی سی آئی کے جنرل منیجر (گیم ڈیولپمنٹ ) پروفیسر رتناکر شٹی نے رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل مقابلوں کے میزبان شہروں کا اعلان کیا ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ چار کوارٹر فائنل مقابلے 8 تا 12 جنوری کو مذکورہ بالا مقامات پر کھیلے جائیں گے کیونکہ دیگر چند کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہنوز باقی ہے اس لئے بورڈ نے کل ناک آؤٹ ڈرا کا اعلان کرنا مناسب سمجھا ہے ۔ علاوہ ازیں 18 تا 22 جنوری کو سیمی فائنل اور 29 جنوری تا 2 فبروری منعقد شدنی فائنل کیلئے میزبان شہروں کا بعد ازاں اعلان کیا جائیگا۔