ہانگ کانگ کو زیادہ مواقع دئے جائیں:کپتان

دبئی ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والی ہانگ کانگ ٹیم کے کپتان انشومن راتھ نے کہا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہمیں بڑی ٹیموں کے خلاف زیادہ سے زیادہ مواقع دیں تاکہ ہم ونڈے موقف حاصل کر سکیں۔ ہندوستان کے خلاف سخت مقابلے کے بعد انشومن نے کہا کہ ہماری ٹیم کے پاس ونڈے حیثیت نہیں ہے۔ پاکستان کے خلاف یکطرفہ میچ کے بعد ہم نے جو اعتماد حاصل کیا اس کی جھلک ہندوستان کے خلاف نظر آئی۔ہماری ٹیم میں صلاحیت تو ہے لیکن تجربے کی کمی ہے۔ اگر آئی سی سی ہمیں تجربہ فراہم کرے اور بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف زیادہ سے زیادہ تجربہ ملا تو ہماری کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ انشومن نے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ ہم نے ہندوستان کے خلاف ہانگ کانگ کی جانب سے کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ برابرکردیا۔ دونوں کے درمیان174رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ انشومن نے کہا کہ اگر ہمارے پاس تجربہ ہوتا تو ہماری کارکردگی میں مزید بہتر ی آتی۔ ہم کئی مثبت نکات لے کر یہاں سے وطن واپس جارہے ہیں۔