دبئی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کو ہندوستان کے خلاف بھلے ہی مقابلے میں شکست ہوئی ہو لیکن اس ٹیم نے کروڑہا کرکٹ شائقین کے دل جیت لئے اور انکے اوپنرز کی جرات مندانہ بیٹنگ کے باوجود ہندوستان نے دلچسپ مقابلے میں 26رنز سے کامیابی کے ساتھ اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔کپتان روہت شرما اور شکھر دھون نے اپنی ٹیم کو45 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس سے قبل روہت خطرناک ثابت ہوتے، احسان خان نے 23 رنز بنانے والے کپتان کو پویلین رخصت کردیا۔اس موقع پر دھون کا ساتھ دینے امبتی رائیڈو آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 116 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی حالت کو مستحکم کردیا۔ احسان نواز نے رائیڈو کی اہم وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 60 رنز بنائے تھے۔ دھون نے ونڈے میں اپنی 14ویں سنچری مکمل کرنے کے ساتھ 33 رنز بنانے والے دنیش کارتک کے ہمراہ 79رنز جوڑے۔دھون 127رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم تیزی سے رنز بنانے میں ناکام ۔ ہندوستان نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 285رنز بنائے۔ہانگ کانگ کے اوپنرز نے ابتدائی اوورز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا خصوصاً نزاکت نے تمام بولروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔دونوں کھلاڑیوں نے ہانگ کانگ کے لئے ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی 174 رنز کی شراکت قائم کی اور ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ شاید ہانگ کانگ کی ٹیم نئی تاریخ رقم کردے لیکن کلدیپ یادو نے اپنی ٹیم کو اہم وکٹ دلا کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔کلدیپ نے ایک سرے سے انشومن کی وکٹ حاصل کی اور پھر اگلے ہی اوور میں خلیل احمد نے نزاکت کو پویلین کی راہ دکھائی، نزاکت نے 92 اور انشومن نے 73رنز کی اننگز کھیلی۔لگاتار دو وکٹیں گرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے میچ میں بھرپور انداز میں واپسی کی اور تجربے کی کمی کے سبب ہانگ کانگ کی ٹیم اس کے بعد سنبھل نہ سکی۔بابر حیات 18، احسان خان 22 اور کنچیت شاہ 17 رنز بنا کر دیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔