ناندیڑ۔26فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہریان کو ایسا لگتا ہوگا کہ صرف الیکشن کارڈ، آدھار کارڈ میں ہی نام غلط چھپتے ہیں ، لیکن ایسا نہیں ہے ، طلباء کو تعلیم دینے والے ادارے بھی اس طرح کی فاش غلطیاں کرنے لگے ہیں۔ مدرسہ حضرت عمر فاروق ؓ ہائی اسکول ملت نگر ناندیڑ کے ایک طالب علم سید میر جہانگیر علی ولد میر سید ولایت علی اس مرتبہ S.S.Cکا امتحان دینے والے ہیں۔ کچھ دنوں میں ان کا امتحان ہے پر ان کے ہال ٹکٹ پر انہی کا نام تحریر نہیں کیا گیا ہے۔ ہال ٹکٹ پر سید میر جہانگیر علی کی جگہ ان کے والد سید میر ولایت علی کا نام درج ہے اور اُن کا نام غائب ہے۔ جہانگیر علی نے جب مدرسہ والوں کو اس جانب توجہ دلائی تو انہوں نے کہا کہ یہ ہماری غلطی نہیں ، S.S.C بورڈ کی ہے۔ ابھی امتحان میں وقت باقی ہے ہم بورڈ سے رابطہ کرکے اس غلطی کو دُرست کرلیا جائے گا ۔ سید میر جہانگیر علی اس طرح کی غلطی کا شکار ہوئے پہلے طالب علم نہیں ہے، ان کے علاوہ بھی کئی طلباء کے ہال ٹکٹ پر غلطیاں ہوئی ہیں، کسی کے ہال ٹکٹ پر اُردو میڈیم کی جگہ کنٹر چھپ گیا ہے تو کسی کے ہال ٹکٹ پر والد کا نام پہلے اور بیٹے کا نام بعد میں چھپ چکا ہے ۔ اس طرح کی غلطیوں کا ذمہ دار کون ہے یہ معلوم کرنا تو بہت مشکل کیونکہ اسکول انتظامیہ بورڈ کو ذمہ دار قرار دیتی ہے اور بورڈ اسکول انتظامیہ کو ، لیکن بیچ میں معصوم طلباء اور ان کے سر پرست پریشان حال ہوجاتے ہیں۔
عائشہ انجم کو سال کا
بہترین طالبہ ایوارڈ
سیڑم۔/26فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل صبح مونٹ کونمنٹ کارنل اسکول شاہ آباد کے سالانہ ا جلاس میں دوسری جماعت کی طالبہ عائشہ انجم بنت سعید حسین شیخو کو سال کا بہترین اسٹوڈنٹ ایوارڈ اور گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ اور ذمہ داران اسکول نے طالبہ کی قابلیت اور محنت کو سراہتے ہوئے ماں باپ کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔