ساؤ پالو(برازیل)۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام)ہالینڈ اور چلی کے درمیان پیر کو یہاں گروپ بی میں سرفہرست رہنے کیلئے مقابلہ ہوگا اور یہ دونوں ہی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں پانچ مرتبہ کی عالمی چمپین برازیل کے خلاف کھیلنے سے بچنے کی کوشش کریں گی۔دونوں ہی ٹیمیں اپنے پہلے دو میچ جیت کر آخری 16 میں جگہ بنا چکی ہیں اور دونوں ٹیموں کے 6-6 پوائنٹس ہیں۔ اس گروپ سے گزشتہ چمپینس اسپین اور آسٹریلیا باہر ہو چکے ہیں۔ ہالینڈ کی ٹیم اسپین پر 5-1 اور آسٹریلیا پر 3-2 کی جیت کے بعد بہتر گول فرق کی وجہ سے فی الحال سب سے اوپر چل رہی ہے۔ برازیل گروپ اے سے اوپر رہنے کا مضبوط دعویدار ہے اور اسے گروپ بی میں دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایسے میں چلی اور ہالینڈ دونوں اس مقابلہ سے بچنے کی کوشش کریں گے۔گروپ اے میں برازیل، میکسیکو اور کروشیا کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے اور ٹیم سے آگے بڑھنے والی ٹیموں کی پوزیشن اب تک واضح نہیں ہوئی ہے لیکن گروپ بی کے فاتح کا سامنا میزبان ٹیم سے ہو سکتا ہے۔ہالینڈ کی نظریں بیارن میونخ کے آئرن روبین اور میانچسٹر یونائٹیڈ کے رابن وان پرس پر ٹکی ہیں جو ٹورنمنٹ میں اب تک 3-3 گول داغ چکے ہیں۔ ٹیم کو حالانکہ اگر مسلسل دوسرے سال فائنل میں جگہ بنانی ہے تو ان دونوں سے مزید بہتر کارکردگی کی اُمید ہوگی۔کوچ لوئس وان گال آسٹریلیا کیخلاف کچھ نازک حالات کے بعد اپنی ٹیم کو استحکام بخشنے کی کوشش کریں گے۔