ہالس کی سنچری ، انگلینڈ کی سنسنی خیز کامیابی

چٹگانگ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلش اوپنر الیکس ہالس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے 5 ویں بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انگلینڈ نے سری لنکا کیخلاف 6 وکٹس سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔190 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی شروعات انتہائی ناقص رہی ۔ ہالس نے 64 گیندوں میں 11 چوکوں اور 6 چھکوں پر مشتمل ناقابل تسخیر اننگز میں 116 رنز اسکور کئے اور 4 گیندیں قبل مطلوبہ نشانہ 190/4 میںپورا کرلیا۔

دریں اثناء ایان مورگن نے 38 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 57 رنز اسکور کئے۔ نون کلاسیکرا نے 32 رنز کے عوض 4 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں سری لنکا نے تلک رتنے دلشان (55) اور مہیلا جئے وردھنے (89) کی نصف سنچریوں کی بدولت 189/4 رنز اسکور کئے۔ واضح رہے کہ انگلش اوپنر الیکس ہالس سے قبل ورلڈ کپ میں سنچریاں بنانے کا اعزاز ہندوستانی بیٹسمین سریش رائنا ، ویسٹ انڈیز کے اوپنر کریس گیل ، سری لنکا کے سینئر بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے اور نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم کو حاصل ہے۔