ہاشم آملہ کے سر پرچوٹ کا درد برقرار، نیٹ پریکٹس نہیں کی

لندن۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقہ کے سلامی بلے باز ہاشم آملہ ہفتہ کوپریکٹس سیشن کے دوران بلے بازی کرنے نہیں آئے۔ انہیں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے تیزگیند باز جوفرا آرچرکی گیند سے سرپرچوٹ لگی تھی۔ آرچرکی گیند ان کے ہیلمیٹ پرآکرلگی تھی۔ اس کے بعد انہیں میدان چھوڑکرباہرجانا پڑا تھا۔ حالانکہ بعد میں وہ میدان پرلوٹے تھے۔ وہ ابھی تک اس جھٹکے سے نہیں ابھرے ہیں۔ جنوبی افریقہ کا اگلا میچ اب بنگلہ دیش سے آج اتوارکوکھیلا جائے گا۔جنوبی افریقی ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ ہاشم آملہ کوسرپرہلکی چوٹ آئی تھی۔ اس کے بعد ان کے کئی ٹسٹ کئے گئے تھے۔ ان میں ان کی چوٹ سنگین نہیں تھی، لیکن ہفتہ کوپریکٹس سیشن میں نہیں اترنے کے بعد ہاشم آملہ کی صحت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ وہ ان دنوں روزے بھی رکھ رہے ہیں، اگروہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں نہیں اترتے ہیں توجنوبی افریقہ کیلئے یہ ڈبل جھٹکا ہوگا۔ پہلے میچ میں تیزگیند بازڈیل اسٹین چوٹ کے سبب نہیں کھیلے تھے۔ بنگلہ دیش کے خلاف بھی ان کے کھیلنے پرخدشہ بنا ہوا ہے۔