جوہانسبرگ ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ میں رواں تیسرا اور فیصلہ کن ٹسٹ دو دنوں میں ہی دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوچکا ہے جیسا کہ میزبان ٹیم نے ہندوستان کو 187 رنز پر ڈھیر کرنے کے باوجود کوئی بڑی سبقت حاصل نہیں کر پائی اور جسپریت بمرہ کی 5 وکٹوں کی کارکردگی سے وہ 194 رنز پر آل آوٹ ہوگئی اور اسے صرف 7 رنز کی معمولی سبقت حاصل ہوئی ہے۔ جبکہ ٹیم کے اہم بیٹسمین ہاشم آملہ فام میں واپسی کا اشارہ دیتے ہوئے جنوبی افریقہ کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ بیٹنگ کیلئے مشکل وکٹ پر آملہ نے 121 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کئے جبکہ نائٹ واچ مین ربادا (30) اور ورنان فیلینڈر (35) نے اسکور میں اپنا بہترین تعاون دیا۔ ایک موقع پر 125 رنز کے مجموعی اسکور پر افریقی ٹیم 6 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی لیکن اس موقع پر آملہ اور فیلینڈر نے ساتویں وکٹ کیلئے مجموعی اسکور کو 169 رنز تک پہنچاتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی سبقت حاصل کرنے کی امیدوں کو ختم کردیا کیونکہ اس وکٹ پر ہندوستان کو اگر 50 رنز کی سبقت بھی مل جاتی تو مہمان ٹیم کا پلڑا بھاری ہوسکتا تھا۔ بمرہ نے 54 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ کمار کو 3 وکٹیں ملی۔