ہاشم آملہ جنوبی افریقی ٹسٹ ٹیم کی قیادت کے خواہاں

جوہانسبرگ ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے اے بی ڈی ویلیئرس،فاف ڈوپلسی ، جے پی ڈومینی کے بعد ہاشم آملہ نے بھی کپتانی کی خواہش ظاہر کردی ہے۔ جنوبی افریقی رنر مشین نے خود کو ٹسٹ کی کپتانی کیلئے پیش کر دیا۔ واضح رہے کہ مارچ میں گرائم اسمتھ نے ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ان کی سبکدوشی کے بعد جنوبی افریقہ کو ٹسٹ ٹیم کیلئے نئے کپتان کی تلاش ہے۔ ونڈے ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرس اس عہدے کیلئے پہلے ہی خود کو پیش کر چکے ہیں۔ اورہاشم آملہ نے بھی سلیکشن پینل کو آگاہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ قیادت کیلئے تیار ہیں۔ اسمتھ کی جگہ اگر انہیں ٹیم کی قیادت کا موقع ملا تو وہ اسے بخوبی انجام دیں گے۔ ہاشم آملہ اس سے قبل محدود اوورس میں بطور نائب کپتان فرائض انجام دے چکے ہیںتاہم انہوں نے گزشتہ سال فروری میں یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔