ہاشم آملہ تاریخی ٹسٹ مقابلہ کیلئے پرعزم

گال ۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہاشم آملہ چہارشنبہ کو ایک تاریخ بنانے جارہے ہیں جیسا کہ وہ گرائم اسمتھ اور جیک کالیس کی سبکدوشی کے بعد مستقل طور پر ٹسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے مسلم کھلاڑی ہوں گے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے مسلم کھلاڑی ہاشم آملہ کو گذشتہ ماہ جنوبی افریقی ٹیم کا اس وقت کپتان بنایاگیا تھا جب گرائم اسمتھ نے ٹیم کی قیادت سے اور بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔ اسمتھ نے گذشتہ 10 برسوں کے دوران جنوبی افریقی ٹیم کی 109 ٹسٹوں میں قیادت کی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ 31 سالہ ہاشم آملہ جنوبی افریقی ٹیم کے ایسے غیرسفید فام کپتان ہے جوکہ ٹسٹ کرکٹ میں قیادت کریں گے حالانکہ ایشول پرنسس نے کارگذار کپتان کی خدمات انجام دی ہیں۔ ہاشم آملہ کو کپتان بناتے ہوئے بورڈ نے مثال قائم کی ہیکہ کرکٹ بھیدبھاؤ سے اوپر والا کھیل ہے۔ سری لنکا کے خلاف گال میں دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ چہارشنبہ کو شروع ہورہا ہے اور یہ ہاشم آملہ کیلئے پہلا امتحان ہے جوکہ سابق کپتان گرائم اسمتھ، آل راونڈر جیک کیالیس اور تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین مارک بوچر کی سبکدوشی کے بعد بدلتی جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ آملہ جو اکثر عوامی نظروں سے دور ہی رہتے ہیں لیکن ان کی صبرآزما اننگز میں ٹیم کو کئی یادگار فتوحات سے ہمکنارکیا ہے اور اب وہ ٹیم کی پہلی مرتبہ ٹسٹ میں قیادت کررہے ہیں۔ ونڈے سیریز میں دو سنچریوں کے ساتھ اپنے شاندار فام میں ہونے کا ٹسٹ کپتان نے پہلے ہی اشارہ دے دیا ہے۔