ہاسٹل کی طالبات ہیضہ سے متاثر

کلواکرتی۔ /30 جولائی ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی کے کستوربا گاندھی ہاسٹل کی چار طالبات قئے اور اجابتوں کے سبب شریک دواخانہ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کلواکرتی گاندھی نگر میں موجود کستوربا گاندھی ہاسٹل کی چار طالبات انوشا، آشا، پلوی، رادھیکا نے رات کھانے کے بعد سے قئے اور اجابتیں شروع ہونے کی وارڈن کو اطلاع دی۔ صبح جنہیں گورنمنٹ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا اور گلوکوز لگائے گئے جبکہ طالبات نے رات کا کھانا کھانے کے بعد قئے ہونے کی بات بتائی۔ جب نمائندہ نے اس ہاسٹل کا دورہ کیا تو باورچی خانہ میں گندگی پھیلی ہوئی تھی، پکوان کے مقام اور پکوان میں استعمال ہونے والے برتن بھی صاف نہیں تھے، جگہ جگہ پانی جمع ہوا تھا

اور عدم صفائی کے سبب عجیب قسم کی بو آرہی تھی جبکہ ہاسٹل سے متصل ایک بڑا نالہ بھی ہے جس کی صفائی کے بعد کیچڑ اور غلاظت کو وہیں پر چھوڑ دیا گیا ہے اور ہاسٹل کے اطراف بدجانوروں کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے۔ جب وارڈن راما دیوی سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایاکہ طالبات کے کھانے اور رہنے کی جگہ کی مکمل طور پر صفائی کی جاتی ہے اور کھانے میں بہت احتیاط برتی جاتی ہے۔ طالبات کی طبیعت یہاں پر رہنے سے خراب نہیں ہوئی ہے بلکہ یہ طالبات اپنے گھروں کو گئی ہوئی تھیں جہاں پر کلکا پنڈی میں کھانے میں احتیاط نہیں کی ہوگی جس کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔ فی الحال طالبات شریک دواخانہ ہیں جہاں پر ان کا علاج جاری ہے۔