ملاپور میں شدید زخمی حالت میں دستیاب، ملزم علاج کے بعد جیل منتقل
حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) پولیس کو انتہائی طور پر مطلوب بدنام زمانہ روڈی شیٹر و ہارس گینگ کا اہم رکن حبیب عبدالطلحہ رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب 3 ستمبر کی شب حبیب طلحہ بالاپور پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ملاپور میں شدید زخمی حالت میں پایا گیا تھا اور پولیس نے اسے علاج کیلئے اوم سائی ہاسپٹل بالاپور منتقل کیا۔ بعدازاں بہتر علاج کیلئے پولیس نے نمس ہاسپٹل میں شریک کروایا تھا اور ہوش میں آنے کے بعد پولیس کو اپنا بیان دیا جس میں پولیس نے اس کے خلاف کارروائی کی۔ بتایا جاتا ہیکہ حبیب طلحہ ہارس گینگ کے نام پر ایک ٹولی بنائی تھی اور وہ شاہین نگر، ایرہکنٹہ، بارکس اور کتہ پیٹ علاقہ میں اپنی غیرقانونی سرگرمیوں سے عوام کو خوفزدہ کررہا تھا۔ حبیب طلحہ سابق میں 15 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور اس کے خلاف پولیس اسٹیشن بالاپور، پہاڑی شریف اور چندرائن گٹہ میں سرقہ، اقدام قتل، ماردھاڑ اور دیگر مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے دواخانہ میں ہی حبیب طلحہ کا بیان قلمبند کیا اور اس کے دواخانہ سے ڈسچارج ہونے کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی۔ پولیس نے روڈی شیٹر کو متعلقہ عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے جیل منتقل کردیا۔