ڈربن ۔13مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) براڈ ہاج نے آخری اوور میں متواتر دو چھکے لگاتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف یہاں دوسرے ٹوئنٹی 20کے سنسنی خیز مقابلہ میں آسٹریلیا کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ گذشتہ روز شدید بارش کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان منعقدہ دوسرے ٹوئنٹی 20 مقابلہ کو فی اننگز 7اوورس تک محدود کردیا گیا تھا جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 80رنز اسکور کئے ۔
جب کہ آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے آخری اوور س میں 15رنز درکار تھے ۔ وینی پارنل نے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر دو رنز دیئے جس کے بعد ہاج نے تیسری اور چوتھی گیند کو مڈوکٹ کے اُوپر سے میدان کے باہر پہنچادیا ‘ جس کے بعدپارنل نے وائیڈ کے ذریعہ آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے درکار رن بھی دے دیا ۔ سنسنی خیز لمحات میں شاندار مظاہرہ کے علاوہ 8گیندوں میں 21رنز اسکور کرنے والے ہاج کو میان آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ قبل ازیں ڈیوڈ وارنر نے 40رنز اور جنوبی افریقہ کیلئے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک نے ناقابل تسخیر 41رنز کی اننگز کھیلی ۔ یہاں تیارکردہ نئی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے انتہائی سازگار تھی جہاں ہاشم آملہ 9گیندوں میں صرف 4رنز بناسکے ۔