حیدرآباد۔/30جون، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کی مارکٹنگ انٹلیجنس ٹیم نے خود ساختہ وکیل کو گرفتار کرلیا جو ہائی کورٹ میں ملازمت فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کئی بیروزگار نوجوانوں کو ٹھگ لیا۔ جوائنٹ کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر وی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ 40سالہ محمد غزنی عرف ایم کے سمیر ریڈی ساکن ماروتی نگر سنتوش نگر کئی بیروزگار نوجوانوں کو ہائی کورٹ، سٹی سیول کورٹ اور دیگر محکمہ جات میں ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپ لیا تھا۔ نوجوانوں سے رقومات حاصل کرنے کے بعد وہ اپنا مکان تبدیل کرتے ہوئے اپنا موبائیل فون بند کردیا تھا۔ چار متاثرہ نوجوانوں نے سی سی ایس سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے غزنی کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے نوجوانوں کے اصلی ایس ایس سی میمو، انٹر میڈیٹ سرٹیفکیٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔