سی سی ایس ٹیم کے خفیہ رابطہ پر حملہ ، چار دلال بشمول خاتون گرفتار
حیدرآباد ۔ /7 اکٹوبر (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے بین ریاستی ہائی ٹیک قحبہ گری کے کاروبار میں ملوث چار دلال بشمول ایک خاتون دلال کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار افراد نے پولیس کی کارروائی سے بچنے کیلئے سائبر کرائم پولیس پر حملہ بھی کیا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ سائبر کرائم کی مارکٹنگ انٹلیجنس یونٹ نے ایک آن لائین مشتبہ اشتہار کا پتہ لگایا اور ویب سائیٹ پر موجود فون نمبرات پر رابطہ قائم کرتے ہوئے ہائی ٹیک قحبہ گری کے ریاکٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔ واٹس اپ لڑکیوں کے تصاویر فراہم کرنے والے افراد کو سی سی ایس پولیس کی ٹیم نے گاہک کے بھیس میں مادھا پور ہائی ٹیک سٹی ، انڈین آئیل پٹرول پمپ کی سمت طلب کیا ۔ پولیس کی جانب سے گرفتار کئے جانے پر اوپیندر کمار یادو ، انیش کمار جو پیشہ سے دلال ہے نے پولیس کانسٹبل مہیشور ریڈی پر اچانک حملہ کردیا اور اسے کار سے ٹکر دینے کی کوشش کی ۔ پولیس نے مذکورہ دو دلالوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کی تفتیش کی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ہائی ٹیک قحبہ گری کے ریاکٹ کا سرغنہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والا سلیم ہے اور اس کی بیوی عمران عائشہ بیگم اس کے کاروبار میں شامل ہے ۔ پولیس نے منی کونڈہ میں واقع عائشہ بیگم کے فلیٹ پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے بین ریاستی نیٹ ورک کیلئے استعمال کئے جانے والے لڑکیوں کی تصاویر اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ پولیس کو اس ٹولی کے سرغنہ سلیم کی تلاش ہے ۔ جبکہ ایک اور دلال عمران مصطفی شیخ کو بھی گرفتار کیا گیا ۔