گینگسٹر نعیم کے ایک ساتھی سری ہری کی خود سپردگی

حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز)  گینگسٹر نعیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف جاری پولیس کارروائی کے نتیجہ میں اس کے ایک قریبی ساتھی نے عدالت میں خودسپردگی اختیار کرلی ۔ پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں جبراً وصولی ، دھوکہ دہی اور لینڈ گرابینگ ایکٹ کے تحت درج شدہ مقدمہ میں پولیس کو مطلوب نعیم کے ساتھی سری ہری نے ضلع رنگاریڈی کورٹ میں آج اچانک خودسپردگی اختیار کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سری ہری نے گینگسٹر کے ہمراہ اراضیات کی یکسوئی اور جبراً وصولی کے کئی وارداتوں میں ملوث ہے اور سہراب الدین کے فرضی انکاؤنٹر میں نعیم کی مدد کرنے کے بھی الزامات ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ گینگسٹر کے انکاؤنٹر کے بعد ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ کی جانب سے تشکیل دی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اپنی تحقیقات میں شدت پیدا کرتے ہوئے اب تک 50 افراد کو گرفتار کیا ہے اور کئی مقامات پر ہنوز دھاوے جاری ہیں ۔ پولیس کی کارروائی سے بچنے کیلئے سری ہری نے آج عدالت میں خودسپردگی اختیار کرلی جس کے نتیجہ میں اسے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔ پہاڑی شریف پولیس سری ہری کو اس مقدمہ میں اپنی تحویل میں لیکر پوچھ تاچھ کرے گی۔ عدالت میں سری ہری نے میڈیا کو بتایا کہ اس کا گینگسٹر سے کوئی راست تعلق نہیں ہے جبکہ ایک مرتبہ اس نے اراضی معاملے میں اس سے بات چیت کی تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے منڈل پرجا پریشد آر ناگراج کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔