حیدرآباد ۔ 8ستمبر ( سیاست نیوز) بدنام زمانہ گینگسٹر بھونگیر نعیم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی نے ریاست کے مختلف اضلاع سے مزید 10 افراد بشمول گینگسٹر کے بہنوائی کو گرفتار کرلیا ۔ ایس آئی ٹی سربراہ وائی ناگی ریڈی نے بتایا کہ نلگنڈہ کے بھونگیر اور کریم نگر کے کورٹلہ علاقوں سے 10افراد پی بالا کشن ‘39سالہ محمد عقیل پاشاہ ‘ 46سالہ آر سدرشن ‘ 38سالہ جے بچیا ‘ 42سالہ محمد قاسم ‘ سدھاکر ‘ ایڈوکیٹ وینکٹیش ‘ سرینواس ‘ سریدھر راجو اور نعیم کے بہنوائی محمد اشرف کو گرفتار کرلیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین گینگسٹر کے قریبی ساتھی پاشم سرینواس کی ایماء پر اغوا ‘ جبراً وصولی اور پلاٹس کی جبراً رجسٹری کے واقعات میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے ضلع رنگاریڈی ‘ کریم نگر ‘ کھمم ‘ محبوب نگر اور نلگنڈہ میں جملہ 72 مقدمات درج کئے ہیں اور اب تک 77 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ پولیس نعیم گینگ سے تعلق رکھنے والے مزید افراد جو روپوش ہوگئے ہیں ‘ ان کی شدت سے تلاش کررہی ہے ۔