گینگسٹر نعیم کی بہن و بہنوئی گرفتار

حیدرآباد۔/21 مئی ، ( سیاست نیوز) اراضیات پر ناجائز قبضہ اور جبراً وصولی و دھمکانے کے معاملات میں ملوث گینگسٹر نعیم کی بہن اور بہنوئی کو پولیس بھونگیر نے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر آف پولیس بھونگیر ڈیویژن مسٹر بھوجنگ راؤ نے بتایا کہ 54 سالہ عبدالسلیم اور ان کی زوجہ 38 سالہ عائشہ بیگم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو کوہیر ضلع سنگاریڈی میں سکونت اختیار کئے ہوئے تھے۔ قبل ازیں یہ جوڑا منصور آباد ویکر سیکشن کالونی میں رہتا تھا۔ اے سی پی کے مطابق متوفی گینگسٹر نعیم عرف بھونگیر نعیم کے یہ بااعتماد رفیق تھے۔ نعیم اپنی زندگی میں اکثر جائیدادوں کی رجسٹری ان کے نام سے کیا کرتا تھا اور تب سے یہ جوڑا غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ ان کے خلاف کئی شکایتیں تھیں اور یہ جوڑا لینڈ گرابنگ اور ڈرانے دھمکانے کے معاملات میں ملوث تھا۔ عبدالسلیم سابق میں جیل جاچکا ہے۔ پہاڑی شریف، بھونگیر، ناگرکرنول، کلواکرتی پولیس اسٹیشنس حدود کے کئی معاملات میں یہ جوڑا ملوث ہے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔