سربراہ اسپیشل انوسٹی گیشن و آئی بی وائی ناگی ریڈی بھی کمشنر آف انکوائری سے رجوع
حیدرآباد 23 اپریل (سیاست نیوز) گینگسٹر نعیم کی پولیس انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد تحقیقات کے دوران پولیس عہدیداروں سے تعلقات کا انکشاف ہوا تھا جس کے نتیجہ میں 5 پولیس عہدیداروں کو ڈائرکٹر جنرل پولیس نے معطل کردیا تھا۔ حکومت نے گینگسٹر سے تعلقات پر پولیس عہدیداروں کی معطلی ہی نہیں بلکہ اُن کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گینگسٹر نعیم سے تعلقات کا پتہ لگنے پر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سی آئی ڈی مسٹر ایم سرینواس راؤ، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سرینواس، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ڈٹکٹیو ڈپارٹمنٹ سی سرینواس راؤ، انسپکٹر سنگاریڈی مستان اور کتہ گوڑم کے انسپکٹر راجہ گوپال کو معطل کیا تھا اور اُن کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ اِس ضمن میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم سرینواس راؤ کے خلاف تفصیلی تحقیقات کی غرض سے اِس کیس کو کمشنر آف انکوائریز تلنگانہ مسٹر سومی ریڈی آئی ایف ایس ریٹائرڈ کے حوالے کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے اِس عہدیدار کے خلاف کارروائی کے لئے تحقیقات کا حکم دیئے جانے پر آج ایم سرینواس راؤ کمشنر آف انکوائریز کے روبرو پیش ہوئے۔ اسی طرح گینگسٹر نعیم کی غیرقانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے لئے قائم کی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ و انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر وائی ناگی ریڈی بھی کمشنر آف انکوائریز کے اجلاس پر پیش ہوکر اپنا ریکارڈ قلمبند کروایا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مسٹر سرینواس کے خلاف تفصیلی تحقیقات کی جائے گی۔بعدازاں اُس کی رپورٹ حکومت کے حوالے کی جائے گی۔ واضح رہے کہ 2016 ء میں گینگسٹر نعیم کا ضلع محبوب نگر کے شاد نگر منڈل ملینیم کالونی میں انکاؤنٹر کردیا گیا تھا۔ پولیس نے اِس سلسلہ میں نعیم کی ٹولی اور اُس کے ارکان خاندان کے خلاف جملہ 197 مقدمات درج کئے تھے اور 125 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی۔