گینگسٹر نعیم کا حامی پونے ائرپورٹ سے گرفتار

کورٹلہ 3 ستمبر ( سیاست نیوز ) گینگسٹر نعیم کے حامی آصف خان کو کورٹلہ پولیس نے کل گرفتار کرلیا ۔ آصف خان مشیر آباد علاقہ کا رہنے والا ہے ۔ وہ دوبئی جانے کی کوشش میں تھا ۔ اطلاع پاکر کورٹلہ پولیس نے پونے ائرپورٹ پر گرفتار کرلیا ۔ کورٹلہ کے محمد عبدالروف مستاجر برگ آبنوس کو دھمکا کر 30 لاکھ روپئے وصول کرنے کے کیس میں آصف خان مبینہ طور پر ملوث ہے ۔ آصف خان کو کورٹلہ کورٹ میں پیش کیا گیا ۔ کورٹلہ کورٹ انچارج مجسٹریٹ جناب سنتوش کمار کے احکامات پر اسے 14 دن عدالتی تحویل میں دیا گیا ۔ ضلع کریم نگر جیل کو آصف خان کو حوالے کرنے پولیس بندوبست میں لیجایا گیا ۔ 17 اگسٹ کو درج جناب عبدالروف کو ڈرانے دھمکانے کے کیس میں آصف خان اہم ملزم ہے ۔ اس کیس میں اب تک گوردھن چاری ، رمیش کو پہلے ہی حراست میں لیا جاچکا ہے ۔ گذشتہ ماہ کی 27 تاریخ سے پانچ دن تک گوردھن چاری رمیش کو کورٹ کی اجازت سے پولیس نے حراست میں لے کر تحقیقات کی ۔ اس انکوائری میں پولیس نے کئی اہم سراغ حاصل کئے ۔ شبہ ہے کہ محمد عبدالروف کو دھمکا کر 30 لاکھ روپئے نقد حاصل کرنے والے آصف خان نے یہ رقم نعیم کے حوالے کی ہو ۔ حیدرآباد ونستھلی پورام پولیس میں درج کیس میں آصف خان کے ملزم ہونے کا پولیس نے پتہ لگایا ہے ۔ آصف خان کے خلاف پولیس APC SEC 147, 146, 120, 364A, 386, 149 کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات کررہی ہے ۔