گینگسٹر نعیم سے رابطہ کے الزام میں معطل تین پولیس عہدیداران ڈیوٹی پر بحال

حیدرآباد /8 اگست ( سیاست نیوز ) گینگسٹر نعیم کے معاملہ میں الزامات کا سامنا کر رہے معطل شدہ مزید تین پولیس عہدیدادروں کو بحال کردیا گیا ہے ۔ ریاستی پولیس ڈپارٹمنٹ نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ہیں ۔ ان احکامات کے سبب اے سی پی سی سرینواس انسپکٹر راج گوپال اور انسپکٹر مستان ولی دوبارہ خدمات پر بحال کردئے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اے سی پی سرینواس نے ریاستی ہیڈ کواٹرز میں رپورٹ پیش کردی گئی ہے ۔ جبکہ انسپکٹر راج گوپال نے نارتھ زون آئی جی اور انسپکٹر مستان ولی نے ویسٹ زون آئی جی کے دفتر میں رپورٹ پیش کردی ہے ۔خدمات کے معطلی سے قبل سرینواس سٹی پولیس کے سی سی ایس شعبہ میں راج گوپال گتہ گڈیم انسپکٹر اور مستان ولی سنگاریڈی ٹریفک انسپکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ایڈیشنل ایس پی مداپٹی سرینواس راؤ، اے سی پی ایم سرینواس راؤ کو بھی خدمات پر بحال کردیا گیا ۔ تاہم ان تمام میں تاحال کسی کو بھی پوسٹنگ نہیں دی گئی ۔