گینگسٹر نعیم سے تعلقات پر معطل پولیس عہدیداراں بحال

حکومت کا اقدام ، ڈیوٹی سے رجوع بکار ، ڈی جی پی سے ملاقات
حیدرآباد /6 جولائی ( سیاست نیوز ) گینگسٹر نعیم سے تعلقات کے نتیجہ میں معطل کئے جانے والے دو پولیس عہدیداروں کو آج حکومت نے بحال کردیا جس کے نتیجہ میں عہدیدار آج دیوٹی سے رجوع بکار ہوگئے ۔ سی آئی ڈی کے معطل شدہ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مدی پاٹی سرینواس راؤ اور سابقہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملی نینی سرینواس کی معطلی کو برخواست کرتے ہوئے احکامات جاری کئے جانے پر آج مذکورہ عہدیدار ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہیندر ریڈی سے ملاقات کرنے کے بعد اپنی ڈیوٹی سے رجوع ہوگئے ۔ واضح رہے کہ سال 2017 میں گینگسٹر نعیم عرف بھونگیر نعیم کو ضلع محبوب نگر میں پولیس انکاونٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا اور اس کے غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ پتہ چلاتھا کہ ریاست سے تعلق رکھنے والے 10 سے زائد پولیس عہدیدار اس سے رابطہ میں تھے اور قریبی تعلقات قائم کئے ہوئے تھے ۔ حکومت نے گینگسٹر نعیم کی شخصی ڈائری میں پولیس عہدیداروں کے نام اور ان کے تصاویر پائے جانے کے بعد ان کے معطلی کا حکم دیا تھا ۔ حکومت نے معطل شدہ عہدیداروں کے خلاف تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا جس کے نتیجہ میں گینگسٹر نعیم کی غیر قانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلئے قائم کردہ اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی ) نے پولیس عہدیداروں سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی تھی ۔ اتنا ہی نہیں معطل شدہ عہدیداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کیلئے تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا اور کمشنر آف انکوائریز اجلاس پر پولیس عہدیداروں کے رول سے متعلق تحقیقات کرنے کیلئے ایک جی او بھی جاری کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ مدی پاٹی سرینواس راؤ اور اے سی پی سی ایچ سرینواس کے علاوہ اے سی پی ایم سرینواس راؤ انسپکٹر کتہ گوڑم راجگوپال ، انسپکٹر ٹریفک سنگاریڈی مستان ولی کو معطل کیا گیا تھا ۔