کنگسٹن۔5جولائی (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کے خلاف اتوار کو سبینا پارک میں کھیلے جانے والے واحد ٹوئنٹی20 اور سیریز کے آخری میچ کے لئے کرس گیل کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں طلب گیا ہے ۔آئی پی ایل میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ رائل چیلنجرز بنگلور کے کھلاڑی گیل ویسٹ انڈیز کے لئے بھی ٹوئنٹی20 میں سب سے زیادہ کامیاب کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور ان کے نام 35.32 کی اوسط سے1519 رنز درج ہیں۔ وہ اس میچ میں لینڈل سمنس کی جگہ لیں گے جو افغانستان کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے تھے ۔گیل کا اپنے گھریلو میدان پر یہ پہلا ٹوئنٹی 20 میچ ہوگا۔ انہوں نے آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ 2016 کا فائنل میچ کھیلا تھا جہاں ٹیم، انگلینڈ کو شکست دے کر چیمپئن بنی تھی۔ونڈے اور ٹسٹ میں کپتانی کرنے والے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر کو اس میچ میں آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ ٹیم کی قیادت کریں گے ۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف سلیکٹر کارٹنی براؤن نے کہا ہم گیل کا ٹوئنٹی20 ٹیم میں خیر مقدم کرتے ہیں۔ وہ اس طرز کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں اور ٹاپ آرڈر میں وہ ہمارے لئے اہم ہوں گے ۔انہوں نے کہا گیل کو اس میچ کے ذریعے اپنے گھریلو میدان پر ہندوستانی ٹیم کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹوئنٹی 20 ٹیم اس طرح ہے :کارلوس بریتھ ویٹ (کپتان)، سیموئیل بدری، رونس فورڈ بیٹن، کرس گیل، ایوین لیوس، جیسن محمد، سنیل نارائن، کیرون پولارڈ، روومین پاویل، مارلون سیموئلز، جیروم ٹیلر، چاڈوِک والٹن، کیسرک ولیمز۔