گیل کی سنچری ، بنگلور نے 138 رنز سے پنجاب کو ہرایا

بنگلور ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر کرس گیل کی انتہائی تیز رفتار 57 گیندوں میں 117 رنز سنچری کی بدولت رائل چیلنجرس بنگلور نے کنگس الیون پنجاب کو 138 رنز کے واضح فرق سے ہرادیا ۔ پنجاب کو کرس گیل کے دو کیچیس چھوڑنے کی بھاری قیمت چکانی پڑی ۔ اس وقت وہ 27 اور 53 کے انفرادی اسکور پر تھے ۔ آئی پی ایل کے آج کے میچ میں بنگلور نے مقررہ 20 اوورس میں 226/3 کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا جس میں ڈی ویلیرس کے 47 ناٹ آوٹ شامل ہیں ۔ پنجاب کے بیٹسمین ابتداء ہی سے مسابقتی کھیل نہیں پیش کرپائے اور 6 اوور میں اس کا اسکور 34/5 تھا ۔ اس طرح ٹیم کامیابی سے کافی دور تھی ۔ آخر کار 13.4 اوورس میں 88 کے مجموعی اسکور پر ساری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی ۔ اکسر پاٹل 40 ناٹ آؤٹ اور وردھمان ساہا نے 13 رنز بنائے۔یہ آئی پی ایل کی تاریخ کی رنوں کے فرق سے دوسری سب سے بڑی کامیابی رہی ۔ اس سے پہلے2008 ء میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے رائل چیالنجرس بنگلور کے خلاف 140 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی ۔