پورٹ آف اسپین ۔21جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے بالآخر مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کے شاندار مظاہروں کے سلسلہ کو توڑتے ہوئے یہاں کوئنس پارک اوئل میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں 10وکٹوں کی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 331رنز اسکور کئے اور اس طرح ویسٹ انڈیز کو کامیابی کیلئے 93رنز کا نشانہ ملا۔ نشانہ کے تعاقب میں بائیں ہاتھ کے جارحانہ اوپنر کریس گیل نے تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 46گیندوں میں 80رنز اسکور کئے جب کہ ٹیم نے 13.2اوورس میں بغیر کسی نقصان کے 95رنز اسکور کرتے ہوئے نہ صرف دوسرا ٹسٹ 10وکٹوں کے اپنے نام کرلیا بلکہ 3مقابلوں کی سیریز کو 1-1سے برابر کرلیا ہے جبکہ ایک مقابلہ ہنوز باقی ہے۔ گیل نے اپنی اننگز کے دوران7چوکے اور 6چھکے لگائے
لیکن ان کے ساتھی کھلاڑی گریک بریتھ ویٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا کیونکہ انہوں نے پہلی اننگز میں 129رنز اسکور کئے تھے ۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور 257/8 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اسے صرف 18رنز کی سبقت حاصل ہوئی اور صرف دو وکٹیں محفوظ تھیں لیکن نویں وکٹ کیلئے بی جے واٹلنگ اور مارک گریک نے ریکارڈ 99رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کیلئے یہ ایک نیا ریکارڈ ہے ۔ ویسٹ انڈیز نے اس مزاحمتی پارٹنرشپ کو 80منٹ کے بعد توڑا جیسا کہ کیمروج کی گیند پر گریک وکٹوں کے پیچھے دنیش رامدین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے کریئر کے اعظم ترین اسکور 67رنز کو عبور کرلیا تھا ۔