گیل کا کوئی خریدار نہیں،اسٹوکس پھر مہنگے کھلاڑی

بنگلو۔27 جنوری (سیاسب ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے11 ویں ایڈیشن کے لئے آج دو روزہ نیلامی کے پہلے دن بہت سے کھلاڑیوں کی قیمت حیران کن رہی لیکن ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں کامیاب کپتان رہے گوتم گمبھیر کے متعلق فرنچائزیز کے رویہ سب سے زیادہ حیران کیا۔کولکاتا نائٹ رائڈرس کو دومرتبہ چمپئن بنانے والے کھلاڑی گمبھیر کو ان کی ٹیم نیباقی نہ رکھنے کے بعد وہ دیگرکھلاڑیوں کے ساتھ نیلامی عمل کا حصہ بنے ۔ گمبھیر پر زیادہ تر فرنچائزیز نے دلچسپی ہی نہیں دکھائی بالآخر دہلی کے کھلاڑی گمبھیر کو دہلی ڈئیر ڈیولس نے ان کے بنیادی قیمت دوکروڑ سے محض کچھ زیادہ 2.8 کروڑ روپے خرچ کر اپنی ٹیم میں شامل کیا۔دوسری طرف قانونی پیچیدگیوں میں پھنسے ہوئے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس پر راجستھان رایلس نے 12.5 کروڑ کی بلند ترین قیمت خرچ کر دی جو کافی حیران کن ہے ۔کولکتہ کی ٹیم کو کامیاب بنانے میں گمبھیر کا اہم کردار رہا ہے جنہوں نے سال2012 اور 2014 میں کے کے آر کو خطاب دلا کر آئی پی ایل کی کامیاب ٹیموں میں کھڑا کیا لیکن ان کی فرنچائز نے اس مرتبہ انہیں ٹیم میں برقرار ہی نہیں کیا۔ کھلاڑیوں کی پہلی فہرست میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس 12 کروڑ 50 لاکھ کی سب سے زیادہ قیمت کے ساتھ راجستھان رائلس کی ٹیم کا حصہ بن گئے جبکہ پہلے مرحلے کی نیلامی میں دھماکہ خیز اوپنرکرس گیل کو کوئی خریدار نہیں ملا ہے ۔نیلامی میں شامل کل 578 کھلاڑیوں میں 360 ہندوستانی ہیں جو دو دنوں تک چلنے والی نیلامی کے عمل میں داؤ پر ہوں گے ۔ یہاں نیلامی کے عمل کا آغاز اوپنر شکھر دھون سے ہوا، جنہیں سن رائزرس حیدرآباد نے 5.2 کروڑ روپے میں خریدا ہے ۔ اس سے قبل دلی کے کھلاڑی کے لئے کنگس الیون پنجاب نے سب سے اونچی بولی لگائی تھی ۔ اسٹار آل راؤنڈر روی چندر اشون دوسرے کھلاڑی رہے جنہیں پنجاب نے ان کے بنیادی قیمتدوکروڑ سے زیادہ خرچ کرکے 7.6 کروڑ روے میں خریدا۔ممبئی انڈینس سے ونڈیز آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو رائٹ ٹو میچ متبادل سے ٹیم میں برقرار رکھا گیا ۔ رائل چیلنجرز بنگلورو نے اپنے اہم کھلاڑی میچل اسٹارک کو کولکاتا نے9.4 کروڑ روپے کی اونچی بولی لگاکر خریدا ۔ دیگر مارکی کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسز کو چینائی نے ایک کروڑ 60 لاکھ میں آر ٹی ایم کارڈ سے ریٹین کیا جبکہ اجنکیا رہانے کو چار کروڑ روپے میں راجستھان نے ریٹین کیا ہے ۔آسٹریلیائی گلین میکسویل کو دلی نے 9 کروڑ روپے میں، گوتم گمبھیر کو دلی نے 2.8 کروڑ، بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو سن رائزرس نے دو کروڑ روپے میں خریدا۔ ممبئی کے سابق کپتان اور تجربہ کار کھلاڑی ہربھجن سنگھ کو چینائی نے ان کے بیس پرائز دو کروڑ میں اور پنجاب نے یووراج سنگھ کو ان کے بیس پرائز دو کروڑ روپے میں ہی اپنی ٹیم میں شامل کیا۔نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پر حیدرآباد نے تین کروڑ خرچ کئے ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان اور بہترین بیٹسمین جو روٹ کو ان کے بیس پرائز 1.5 کروڑ میں بھی کسی نے نہیں خریدا۔