لندن ۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کرس گیل نے انگلینڈ کے خلاف اپنی ونڈے کرکٹ کی واپسی کا جشن طوفانی انداز میں منایا حالانکہ پانچ میچوں کی سیریز میں جیسن ہولڈرکی ویسٹ انڈیز ٹیم مہمان انگلینڈ سے 2-1 سے پیچھے چل ہے ۔ گیل نے اس سیریز کے شروع ہونے سے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ اسی سال ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ونڈے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیارکر لیں گے لیکن انگلینڈ کیخلاف شاندار کارکردگی کے بعد اب انہوں نے اس بات کے اشارے دئے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر از سر نو غور کرسکتے ہیں۔آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق گیل نے کہنا ہے کہ مجھے اپنے جسم پر ابھی محنت کرنی ہے۔ اگلے کچھ مہینوں میں چیزیں بدل بھی سکتی ہیں۔ میں 40 کے قریب ہوں ، کیا میں سبکدوشی کا فیصلہ واپس لوں گا ، دیکھتے ہیں کہ آنے والے وقت میں کیا ہوتا ہے ؟۔ یقینا انگلینڈ کے خلاف اب تک کھیلے گئے موجودہ سیریز کے چار میچوں کی تین اننگز میں دوسنچریاں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے347 رنز بناکر سرفہرست گیل کا ارادہ اب بدلتا ہوا نظر آرہا ہے۔ پہلے ونڈے میں 135 رن کی دھماکہ خیز اننگز کے بعد دوسرے میچ میں گیل نے 50 رنز بنائے تھے جبکہ تیسرا میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا۔ لیکن چوتھے میچ میں 97 گیندوں میں11 چوکے اور 14 چھکوں کی مدد سے 162 رن کی اننگز کھیل کر انہوں نے ہر کسی کو حیران کردیا۔ حالانکہ ان کی یہ اننگز ونڈیزکو 32 رنوں کی شکست سے نہیں بچا سکی۔