گیل بمقابلہ اسٹین شائقین کی توجہ کا مرکز

سڈنی ۔ 25 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی ٹیم کے نمبر ایک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین ان دنوں اپنے بہترین فارم میں موجود نہیں ہے جبکہ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کرس گیل نے گزشتہ روز ورلڈ کپ کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرلی ہے لہذا جمعہ کے دن ان دو ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلے میں گیل اور اسٹین کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ کی اُمید کی جارہی ہے ۔ اسٹین نے ورلڈ کپ میں اپنے ابتدائی دو مقابلوں میں حریف بیٹسمینوں کیلئے خطرہ نہیں بن پائے ہیں جیسا کہ زمبابوے اور ہندوستان کے خلاف منعقدہ دو مقابلوں میں 119 رنز دینے کے باوجود وہ صرف دو وکٹیں حاصل کرپائے ہیں۔ دوسری جانب کرس گیل بھی آئرلینڈ اور پاکستان کے خلاف بالترتیب 36 اور 4 رنز اسکور کرپائے تھے لیکن زمبابوے کے خلاف کینبرا میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران ریکارڈ ساز 215 رنز اسکور کرتے ہوئے فام میں واپسی کا اشارہ دیا ہے ۔ جمعہ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جب جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی تو گیل کے مقابل اسٹین کا مظاہرہ توجہ کامرکز ہوگا کیونکہ جنوبی افریقی ٹیم انتظامیہ کو اُمید ہے کہ اس اہم مقابلے میں ٹیم کے نمبر ایک بولر اپنے اصل فام میں نظر آئیں گے ۔ اس مقابلے سے قبل ویسٹ انڈیز نے جب جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا تو ڈربن میں منعقدہ آخری مقابلے میں گیل نے تیز رفتار 41 رنز اسکور کئے تھے جس میں اسٹین کے خلاف 24 گیندوں کی اس اننگز میں دو چھکے بھی شامل تھے لیکن اسٹین نے بالآخر حریف بیٹسمین کو آؤٹ کیا تھا ۔