جموں ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بار اسوسی ایشن آف جموں نے آج دیویندر سنگھ بہل ایڈوکیٹ کو خارج کردیا ، کیونکہ اُن کا تعلق علحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی سے بتایا گیا ہے اور دہشت گردی کو فنڈس کی فراہمی کے مقدمہ میں این آئی اے نے کل اُنھیں گرفتار کیا ہے۔ بار اسوسی ایشن کے صدر بی ایس سلاتہیا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ہمیں جیسے ہی دیویندر کی سرگرمیوں کا پتہ چلا ، ریکارڈس کی تنقیح کے بعد اُنھیں کوئی نوٹس جاری کئے بغیر ہی ابتدائی رکنیت سے خارج کردینے کافیصلہ کیا گیا ۔ انھوں نے کہاکہ ہماری اسوسی ایشن قومیت پسند ہے اور ہم کسی مخالف قوم عناصر کی موجودگی برداشت نہیں کرسکتے ، خواہ اس کا تعلق حریت سے ہو یا کسی اور گروپ سے۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے ) نے دہشت گردی کو فنڈس کے مقدمہ کی تحقیقات کو وسعت دیتے ہوئے 30 جولائی کو دیویندر سنگھ کے دفتر اور رہائش گاہ کی تلاشی لی تھی ۔ اُن پر پاکستان میں موجود دہشت گردوں سے علحدگی پسندوں کو فنڈس کی فراہمی میں مبینہ رول کا الزام ہے ۔