گیلانی سے ملاقات کیلئے قاصد روانہ کرنے مودی کی تردید

نئی دہلی ۔ /22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے کشمیری علحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی سے ملاقات کیلئے کسی قاصد کو روانہ کرنے کی تردید کی ۔ انہوں نے میڈیا کی ان اطلاعات پر تعجب کا اظہار کیا ۔ مودی نے اے بی پی نیوز کو بتایا کہ آخر یہ اطلاع کس نے پھیلائی ۔ وہ کسی کا نام بھی نہیں جانتے ۔ پاکستان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح حکومت چلانا چاہتے ہیں کہ کوئی ہمیں دھمکی دینے کی جرأت نہ کریں ۔ راہول گاندھی کے اس الزام پر کہ گجرات میں ان کی حکومت اڈانی اور امبانی چلارہے ہیں ۔ مودی نے اسے سیاسی الزام عائد قرار دیا اورکہا کہ بحیثیت چیف منسٹر ان کا 14 سال کا ریکارڈ دیکھا جائے۔اس دوران سینئر جرنلسٹ اور بی جے پی قومی ترجمان ایم جے اکبر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نریندر مودی کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کررہی ہیں تاکہ مسلمانوں کے دل میں خوف پیدا کیا جائے ۔