گیس کی غیرقانونی ریفیلنگ میں ملوث ایک شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ /27 جون (سیاست نیوز) غیرقانونی طور پر گیاس ریفیلینگ میں ملوث ایک شخص کو ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے سیلنڈرس بھی برآمد کرلئے ۔ تفصیلات کے بموجب 34 سالہ اوم پرکاش ساکن بیگم پیٹ سکندرآباد کا تعلق ناگور راجستھان سے ہے اور وہ علاقہ بیگم پیٹ میں ایک کرانہ کی دکان بھی چلاتا ہے ۔ تنگدستی سے پریشان اوم پرکاش نے گھریلو پکوان ایل پی جی گیاس غیرقانونی طور پر ریفیلینگ کرنے کا کاروبار شروع کیا اور وہ بڑے سیلنڈرس سے چھوٹے سیلنڈرس میں گیاس منتقل کرتے ہوئے اسے فی سیلنڈر 600 تا 700 روپئے میں فروخت کررہا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نے دھاوا کرتے ہوئے جملہ 7 سیلنڈرس برآمد کرلئے ۔ واضح رہے کہ چند دن قبل علاقہ کاچی گوڑہ نمبولی اڈہ میں غیرقانونی گیاس ریفیلینگ فیاکٹری میں آتشزدگی اور دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ کئی زخمی ہوگئے اور اس واقعہ کے بعد پولیس نے دونوں شہروں میں غیر قانونی گیاس ریفیلینگ سنٹرس کے خلاف مسلسل کارروائی کی جارہی ہے ۔