کنگسٹن ۔ 29جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کی افسانوی کرکٹ شخصیت گار فیلڈ سوبر کو ان کی 80ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں کوہلی نے کہا کہ ’’ فیلڈ آپ ( سوبرس) کا مظاہرہ ہمیشہ ایک مثال کیطور پر یاد رکھا جائے گا ۔ آپ بھی ان چند میں شامل ہیں جنہوں نے اس کھیل میں کئی تبدیلیوں پیدا کیا ہے ۔ایک کامیاب و حیرت انگیز زندگی اور کیریئر پر آپ کو مبارکباد ۔ آپ کی 80ویں سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرنا میرے لئے باعث مسرت ہے ‘‘ ۔ کوہلی نے مزید کہاکہ ’’ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنے سے ملاقات کرنیوالے دنیا بھر کے افراد کیلئے ایک جذبہ پیدا کرتے رہیں گے ۔ آپ کو دیکھنا میرے لئے خوشی کا باعث ہوگا ۔ یقیناً میں کسی دن آپ سے ملاقات کرنا اور کھیل پر گفتگو کرنا چاہتا ہوں ‘‘ ۔