حیدرآباد /7 جنوری ( سیاست نیوز ) کلثوم پورہ کے علاقہ میں ایک خاتون اپنے مکان میں پیش آئے حادثہ میں جھلس کر فوت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 35 سالہ بے بی جو ضیاگوڑہ علاقہ کے ساکن سندیپ کی بیوی تھی ۔ گذشتہ ہفتہ یہ خاتون اپنے مکان میں پیش آئے حادثہ میں جھلس گئی تھی ۔ ان کے مکان میں پکوان گیس کے سلینڈر سے گیس خارج ہوگئی تھی اور جب اس خاتون کو علم ہوا تو اس نے سلینڈر کے ریگولیٹر کو بند کردیا تاہم کھڑکی و دروازے بند ہی تھے ۔ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور یہ خاتون آگ کے شعلوں کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس کلثوم پورہ مصروف تحقیقات ہے ۔
جواہرات کے تاجر کی خودکشی
حیدرآباد /7 جنوری ( سیاست نیوز ) سلطان بازار کے علاقہ میں جواہرات کے ایک تاجر نے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 91 سالہ بھگوان بھائی پٹیل مالی پریشانیوں کا شکار تھا جس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بڑی چوڑی سلطان بازار علاقہ کے ساکن پٹیل کو گذشتہ 3 تا 4 ماہ سے شدید مالی پریشانیاں درپیش تھیں اور وہ اس دوران ذہنی تناؤ کا شکار بھی ہوگیا تھا ۔ جس سے تنگ آکر اس نے کل رات دیر گئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔