گیاس ایجنسی میں سرقہ کے ملزمین گرفتار

حیدرآباد یکم / اپریل ( سیاست نیوز ) راجندر نگر پولیس نے گیس ایجنسی سرقہ کے معاملہ کو حل کرلیا ہے ۔ اس خصوص میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر گنگی ریڈی نے بتایا کہ 25 سالہ جی سریش 22 سالہ ڈی وشنو اور 26 سالہ شیخ ناظم الدین ساکنان چنتل پیٹ راجندر نگر کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 3 لاکھ ایک ہزار روپئے ضبط کرلئے ۔ جبکہ ایک لاکھ سے زائد رقم کو ان سارقوں نے عیاشی میں خرچ کردیا۔ اے سی پی نے بتایا کہ کرائم انسپکٹر راجندر نگر مسٹر بی پرکاش کی چوکسی اور فوری کارروائی کے سبب ان سارقوں کی جلد گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 اور 26 مارچ کی رات منصوبہ بند طریقہ سے ان سارقوں نے گیس ایجنسی میں سرقہ کی واردات انجام دی تھی اور 4 لاکھ سے زائد رقم کا سرقہ کرلیا تھا ۔ مسروقہ رقم کو تینوں نے آپس میں تقسیم کرلیا تھا اور اس رقم سے موج مستی کر رہے تھے ۔ ایک خفیہ اطلاع پر راجندر نگر پولیس کی کرائم ٹیم نے ٹولی کے اصل سرغنہ سریش کے مقام پہونچکر تینوں کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کے دوران ان افراد نے اپنے جرم کو قبول کرلیا۔ بعد ازاں ان سارقوں کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ۔

سرکاری ملازمت کا جھانسہ دینے والا گرفتار
شمس آباد یکم / اپریل ( سیاست نیوز ) شمس آباد رورل پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب چندرا مولی ساکن سعیدآباد، حیدرآباد جو بے روزگار افراد کو نشانہ بناتے ہوئے سرکاری ملازمت دلانے کا جھانسہ دے رہا تھا ۔ سوریہ چندرا شرما ساکن اونت پلی شمس آباد کی شکایت پر رورل پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔ محمد احمد پاشاہ سب انسپکٹر نے بتایا کہ چندرا مولی بے روزگار افراد کو سرکاری ملازمت دلانے کے بہانے سے ان سے رقم حاصل کرکے فرار ہوجاتا تھا ۔سوریہ چندرا شرما سے اس نے پانچ ہزار روپئے اور چندرا شیکھر ساکن وارث گوڑہ سے 23 ہزار روپئے لیکر فرار ہوگیا تھا ۔ شکایت وصول ہونے کے بعد اسے گرفتار کرکے اس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔