جدہ ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈا ٹ کام) مملکت سعودی عرب نے امریکہ کے ایک ہونہار سیاہ فام مسلم طالب علم کو عمرہ کی دعوت دی ہے۔ اس طالب علم کو امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک اسکول میں ٹیچر نے اس کی تیار کردہ گھڑی کو غلطی سے بم سمجھ لیا تھا جس کے بعد گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ سوڈان نژاد احمد محمد الحسن اپنے ارکان خاندان کے ساتھ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان کے دورہ کی میزبانی حکومت سعودی عرب کی جانب سے کی جائے گی۔ جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے ترجمان الطیب عبدالرحیم نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ احمد محمد الحسن کی جدہ آمد کی تاریخ کی ہنوز توثیق نہیں کی جاسکی ہے۔ سوڈانی برادری کے سربراہان عوض قرشوم نے کہا کہ ’’ہم مملکت سعودی عرب کے اس فیصلہ کی ستائش کرتے ہیں۔ ہم بھی اس طالب علم کے اعزاز میں استقبالیہ ترتیب دیں گے۔ اس مقصد کیلئے جدہ میں سعودی سفارتخانہ سے تعاون کیا جائے گا۔