گھناؤنے جرائم کیلئے نابالغوں کو بالغ تصور کرنے قانون کو کابینہ کی منظوری

نئی دہلی 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ نے بچوں کے ساتھ انصاف قانون میں ترمیم کو منظوری دے دی جس سے 16 تا 18 سال عمر کے نابالغوں کو بھی جو گھناؤنے جرائم میں ملوث ہوں، بالغ تصور کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ باخبر ذرائع کے بموجب ترمیم شدہ مسودہ قانون اب منظوری کے لئے پارلیمنٹ کو روانہ کیا جائے گا۔ ترمیم سے بچوں کے ساتھ انصاف کے بورڈس کو 16 تا 18 سال عمر کے بچوں کو گھناؤنے جرائم میں ملوث ہونے کی صورت میں بالغ تصور کرنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ مجرم قرار دیئے ہوئے ایسے بچوں کو سزائے قید دی جاسکتی ہے لیکن سزائے موت نہیں دی جاسکتی۔