گھناؤنے جرائم کے ملزمین کے انتخابی مقابلے پر امتناع کی تجویز

غلط انتخابی حلف نامہ پر نااہل قرار دینے اور سزا میں اضافہ کی سفارش ، الیکشن کمیشن کا لاکمیشن کو مکتوب
نئی دہلی۔ 20 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سنگین جرائم کے مجرمین کو فوری طور پر نااہل قرار دینے سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد الیکشن کمیشن اب چاہتا ہے کہ ایسے امیدواروں کے انتخابی مقابلے پر امتناع عائد کردیا جائے جنکے خلاف گھناؤنے مقدمات میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہو۔ جھوٹے انتخابی حلف نامے پرچہ جات نامزدگی کے ساتھ داخل کرنے کے انسداد کیلئے کمیشن نے تجویز پیش کی ہے کہ یہ نااہل قرار دینے اور سزا میں اضافہ کی بنیاد ہونی چاہئے۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے کہا کہ جن لوگوں کو فوجداری الزامات کا سامنا ہے، کمیشن نے وزارت قانون کو تجویز پیش کی ہے کہ کم از کم ایسے افراد کو جنہیں فوجداری مقدمات میں اقل ترین سزائے قید برائے پانچ سال دی جاچکی ہو یا اگر کسی شخص پر بااختیار مجسٹریٹ کی جانب سے فرد جرم انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے چھ ماہ پہلے عائد کیا جاچکا ہو، انتخابی مقابلہ کیلئے نااہل قرار دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی یہ سفارشات وزارت قانون کے مقرر کردہ لا کمیشن کو روانہ کی جاچکی ہیں جو انتخابی اصلاحات کی سفارشات پر غور کررہا ہے۔ سمپت نے کہا کہ یہ بھی تجویز پیش کی گئی ہے کہ دفعات کے استحصال کا انسداد کیا جائے۔ کسی بھی شخص کو انتخابی مقابلہ کیلئے نااہل قرار دینے کی دفعہ صرف ان مقدمات میں نافذ کی جائے جن میں مبینہ جرم کے ارتکاب کا فرد جرم انتخابات کے اعلان سے 6 ماہ قبل کیا جاچکا ہو، کیونکہ امیدواروں کے خلاف انتخابات سے عین قبل سیاسی مفادات پر مبنی مقدمے بھی دائر کئے جاسکتے ہیں۔ کمیشن نے جھوٹے حلف نامے داخل کرنے کو بھی سزا میں اضافہ اور نااہل قرار دیئے جانے کی بنیاد قرار دینے کی تجویز پیش کی۔ کمیشن نے کہا کہ کچھ نہ کچھ سزا جیسے دو سال کی سزائے قید اور انتخابات کیلئے نااہل قرار دینا ، دیا جانا چاہئے۔ موجودہ دفعات کے تحت اگر امیدوار پوشیدہ رکھنے ، اطلاعات فراہم کرنے سے قاصر رہنے یا غلط اطلاع فراہم کرنے پر جو انتخابی حلف نامے میں فراہم کی گئی ہو، 6 ماہ کی سزائے قید اور جرمانے کا مستحق ہوسکتا ہے۔
درگاہ اجمیر شریف کو 2 کروڑ روپئے کا عطیہ
جئے پور 20 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) درگاہ کمیٹی اجمیر شریف کو آج صنعت کار ڈی بلسارا کی وصیت کے مطابق دو کروڑ روپئے کا عطیہ موصول ہوا ۔ بلسارا کا جاریہ سال جون میں انتقال ہوا تھا ۔ بلسارا نے اپنی وصیت میں اپنے افراد خاندان سے کہا تھا کہ وہ درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی سنجری اجمیر شریف کو دو کروڑ روپئے کا عطیہ دیں۔ بلسارا اکثر درگاہ پر حاضر ہوا کرتا تھا ۔ بلسارا کمپنی دہلی کے عہدیداروں سے درگاہ کمیٹی کے سی ای او اشفاق حسین نے یہ چیک حاصل کیا ۔ کمیٹی نے اس رقم سے بلسارا کے نام سے اسکالرشپ شروع کرنے اور درگاہ آنے والے معمر افراد کی سہولت کے انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔