بانسواڑہ ۔ 15 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بانسواڑہ منڈل پریشد میٹنگ ہال میں تحصیلدار بانسواڑہ مسٹر گوپی نے جامع گھریلو خاندانی سروے کے متعلق عہدیداروں و بانسواڑہ منڈل کے تمام سرپنجوں کا تربیتی اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر سروے سے متعلق امور کی عہدیداروں کو تربیت دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکمہ جات کے عہدیداران کو چاہئے کہ 19 اگسٹ کو منعقد شدنی ایک روزہ جامع گھریلو سروے کو کامیاب بنایا جائے ۔ یہ بات تحصیلدار گوپی نے کیا اور کہا کہ ایک عہدیدار کو 25 خاندانوں کے سروے کی ذمہ داری دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے دوران درکار تفصیلات کے اندراج کیلئے حکومت کی جانب سے وضع کردہ امور کو ملحوظ رکھا جائے ۔ ملازمین کو پرسکون انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی اور عوام کو بھی چاہئے کہ اس کام میں ان عہدیداران کا تعاون کریں کیونکہ ریاستی حکومت مستحق عوام کو سرکاری مراعات سے مستفید کرنے کی غرض سے یہ گھریلو سروے کررہی ہے ۔ لہذا عوام کو چاہئے کہ وہ 19 اگسٹ کو اپنے ہی گھروں پر موجود رہیں تاکہ شمار کنندگان کو مکمل تفصیلات کے حصول میں آسانی ہوسکے انہوں نے عوام سے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کروایا جانے والا یہ سروے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور حقیقی باشندوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ریاست میں شفاف حکمرانی کی فراہمی کے اقدامات کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔ اور حکومت کو اس بات کا احساس ہو کہ عوام کن حالات میں زندگی گزار رہے ہیں ۔ اس طرح سے سرکاری اسکیمات سے استفادہ کیلئے اس گھریلو سروے میں حصہ لینا ضروری ہے ۔ اس اجلاس میں بانسواڑہ منڈل پریشد صدر ریشما بیگم ، ضلع کوآپشن محمد علیم الدین بابا ، بانسواڑہ یم ڈی او انچارج مسٹر ناگیش بانسواڑہ زراعی مارکٹ چیرمین ، یم سرینواس ریڈی نائب صدر منڈل پریشد مسٹر رگھو بانسواڑہ سرپنچ وانی کے علاوہ دیگر موضعات کے سرپنچ ، یم پی ٹی سی بانسواڑہ نائب سرپنچ عبدالخالق ، وارڈ ممبرس بانسواڑہ گرام پنچایت عبدالسلیم ، محمد لیئق ، مسانی شیکھر اور سیاسی قائدین موجود تھے ۔