گھر کو مقفل رکھنے کے باوجود سرقہ

تیجسونی نگر میں سارقوں نے ساراگھر لوٹ لیا
حیدرآباد /2 فروری ( سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ میں رات دیر گئے ایک مکان کو لوٹ لیا گیا ۔ نامعلوم سارقوں نے عطاپور کے علاقہ تیجسونی نگر میں یہ واردات انجام دی اور سارا گھر صاف کردیا ۔ قیمتی زیورات اور الیکٹرانک اشیاء کو سارق باضابطہ لوٹ کر لے گئے ۔ یہ واردات اتوار کی شب پیش آئی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ صرف الیکٹرانک اشیاء ہی چوری ہوئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بسواپا نامی شخص کے مکان میں سرقہ کی یہ سنگین واردات پیش آئی ۔ بسواپا اپنے افراد خاندان کے ساتھ تقریب میں شرکت کیلئے بیدر ریاست کرناٹک گیا ہوا تھا ۔ بسواپا کے رشتہ داروں کی جانب سے بیدر میں تقریب تھی جب یہ متاثر شخص آج اپنے مکان پہونچا تو مین ڈور کھلا ہوا تھا اور مکان میں ساز و سامان بھکرا پڑا ہوا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بسواپا کے مکان سے 5 تولہ طلائی زیورات کے علاوہ 2 کیلو چاندی ،ایل ای ڈی ٹی وی لیپ ٹاپ اور کچن کے سامان کا سرقہ ہوگیا ۔ اس خصوص میں ڈیٹکٹیو انسپکٹر راجندر نگر مسٹر بی پرکاش نے بتایا کہ اس مکان سے صرف الیکٹرانک اشیاء کے سرقہ کا علم ہوا ہے ۔ جس کو نامعلوم سارق قفل شکنی کے بعد سرقہ کرکے لے گئے تاہم اس عہدیدار نے سونا اور چاندی کی بڑی مقدار کے سرقہ ہونے کی تصدیق نہیں کی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔