گھر کا لڑکا گھر آیاہے ، رام کرشنا مٹھ ہاسپٹل میں مودی کاریمارک

کولکتہ ۔ /10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے رام کرشنا مٹھ اور مشن کے راہبوں اور سوامیوں سے اپنی دیرینہ جذباتی وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج ان سے کہا کہ ’’وہ (مودی) ان کے گھر کے ایک لڑکے کی طرح ہیں ‘‘ مودی نے کل شام کولکتہ کے ایک ہاسپٹل میں رام کرشنا مٹھ کے سربراہ سوامی اسماستھانند سے ملاقات کی جہاں مٹھ کے راہبوں نے گلدستہ کے ساتھ مودی کا استقبال کیا ۔ جس پر انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ان راہبوں میں سے ایک ہیں اور ان کا اسطرح والہانہ استقبال نہیں کیا جانا چاہئیے ۔ مٹھ کے اسسٹنٹ سکریٹری سوامی سبیرآنند نے وزیراعظم کے حوالہ سے کہا کہ گھر کا لڑکا گھر آیا تو اس کا سواگت (استقبال) کیا جاتا ہے کیا ؟ ’’مودی نے سوامی آتماستھانندا کو اپنا گروجی قرار دیتے ہوئے مٹھ کے راہبوں اور ہاسپٹل کے حکام سے کہا کہ ’’آپ لوگ گروجی کی سیوا(خدمت) کررہے ہو ۔ ان کا دھیان (خیال) رکھنا‘‘ ۔ سوامی سبیرآنند نے کہا کہ مودی اپنے گرو سے ملاقات کے بعد بہت خوش نظر آرہے تھے ۔
واضح رہے کہ نریندر مودی اپنے بچپن میں رام کرشنا مٹھ کے راہب بننا چاہتے تھے لیکن مٹھ کے سربراہ نے انہیں بھانپ لیا تھا اور کہا آپ کا مزاج کچھ اور ہے ۔