گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ نوجوان کی خودکشی

حیدرآباد۔/9فبروری،( سیاست نیوز) گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ایک شخص نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ سرورنگر پولیس نے بتایا کہ 26سالہ بی ومشی کرشنا ساکن سرور نگر جو خانگی ملازم تھا گھریلوپریشانیوں اور جھگڑوں سے تنگ آگیا تھا اور اس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے مکان کے سیلنگ فیان سے لٹک کر پھانسی لے لیا۔ سرور نگر پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کردیا۔ اس کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج کے معطل شدہ اٹنڈر نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ منگل ہاٹ پولیس نے بتایا کہ 40سالہ اے نریش ساکن اندرا نگر کو ڈسمبر 2013ء میں غیراخلاقی حرکت کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا اور وہ گزشتہ دو ماہ سے ایرہ گڈہ مینٹل ہاسپٹل میں زیر علاج تھا۔ نریش نے ہفتہ کی رات دیر گئے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔