گڑھ چرولی واقعہ کے بعد چیف منسٹر مہاراشٹرا سے استعفیٰ کا مطالبہ

فوجی جوانوں کی موت پر اپوزیشن پارٹیوں کا اظہارتعزیت، شردپوار کا بیان
ممبئی 2مئی(سیاست ڈاٹ کام)آج یوم مہاراشٹر کے موقع پر ریاست کے گڈچرولی ضلع کے کُرکھیڑا تحصیل میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جس میں زمینی سرنگ پھٹنے کے نتیجہ میں 15کمانڈوز سمیت 16افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس نے آج ہونے والے دھماکہ میں جوانوں کی موت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تعلق سے سخت کارروائی کی جائے گی اور قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔این سی پی لیڈر شردپوار اور ایم پی سی سی صدراشوک چوان نے بھی استعفے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپوزیشن کانگریس لیڈر اشوک چوان نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی حکومت نکسل واد پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے اور مطالبہ کیا کہ شہید جوانوں کے اہلِ خانہ کو فی کس50 لاکھ روپئے کی مدد دی جائے اور دیوندر فڑنویس وزارتِ داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دیں۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اشوک چوہان نے ریاست میں یومِ مہاراشٹر کے انعقاد کے موقع پر نکسل وادیوں کے خونی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ یہ اس کی نکسل واد اور دہشت واد کے خلاف ڈھل مل رویئے کا نتیجہ ہے ۔ ریاست کی داخلی وزارت سنبھالنے والے وزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس کو اپنے عہدے پر رہنے کا اخلاقی حق نہیں رہ گیا ہے ، انہیں فوراً وزیرداخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دیدینا چاہئے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ریاست کے گڈچرولی میں نکسل وادیوں کے ایک حملے میں 16 جوان شہید ہوگئے ہیں جس کی مذمت کرتے ہوئے اشوک چوہان نے مذکورہ بالاباتیں کہیں۔انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نکسل وادیوں کے اس قدر خطرناک حملہ ہونے تک ہمارا ہوم ڈپارٹمنٹ کیا کررہا تھا؟

انہوں نے کہا کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی برقراری میں فڑنویس مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں، انہیں فوراً وزیرداخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دیدینا چاہئے ۔ اشوک چوہان نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ اس حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کے ورثاء[؟] کو فی کس 50 لاکھ روپئے کی مدد دی جائے ۔ اشوک چوہان نے کہا کہ مرکزی کی مودی حکومت ہو یا پھر ریاست کی فڑنویس حکومت، دونوں کو صرف بڑی بڑی باتیں کرنے میں ہی مہارت ہے ۔ اس حکومت کے دور میں ملک میں نکسل وادی ودہشت وادی حملوں میں اضافہ ہوا ہے ، لیکن بی جے پی کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ذرائع کے مطابق سلامتی دستوں کی گاڑی دوپہر ساڑھے بارہ بجے بارودی سرنگ سے ٹکرائی اور پھٹ گئی،یہ واردات گڈچرولی کے دادرپورگاؤں میں سڑک کی تعمیر کرنے والے ٹھیکدار کی 36گاڑیوں کو نذرآتش کرنے کے دس گھنٹے کے بعد پیش آیا ہے ۔انہوں نے دوسائٹ دفتر بھی جلا دیئے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق مہاراشٹر پولیس الائٹ سی 60فورس کے کمانڈوزکومبنگ آپریشن کے لیے روانہ ہوئے تھے ،لیکن انہیں شاہراہ پر درخت گرنے کے سبب رکنا پڑا۔جب یہ اہلکار سڑک کی صفائی کرنے کے لیے نیچے اترے تو دھماکہ ہوگیا۔