گڈ گورنینس کیلئے جوابدہی طے ہونا ضروری:کجریوال

نئی دہلی، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا ہیکہ جوابدھي کا تعین گڈ گورننس کی بنیاد ہے ۔ایسے میں اگر کچھ بھی غلط ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کو اس کا جوابدہ بنانا ہوگا۔مسٹراروند کجریوال کا یہ بیان ان پر حال ہی میں کرپشن اور کنبہ پروری کے الزامات لگائے جانے کے درمیان آیا ہے ۔ انہوں نے آج ٹویٹرپر کہا کہ گڈ گورننس چاہئے تو اس کیلئے جوابدہی بھی طے کرنی پڑیگی تاکہ کبھی کچھ غلط ہو یا پھر کسی کام میں کوئی کوتاہی برتی گئی ہو تو کسی کو اس کیلئے جوابدہ قرار دیا جا سکے۔ تاہم، مسٹر کجریوال نے کسی کوتاہی یا غلطی کیلئے جوابدہ ٹھہرائے جانے کے سلسلے میں کسی شخص کا نام نہیں لیا۔ ایسے میں یہ سمجھا جا رہا ہیکہ انکا یہ بیان دہلی کے ایک ہاسپٹل کو ادویات کی فراہمی کرنے والے ایک شخص کی اس شکایت پر آیا ہے جس میں کہا گیا ہیکہ اسے ادویات کے بل کا پیسہ ابھی تک نہیں ملا ہے۔ وزیر اعلی نے اس شکایت پر صحت سکریٹری سے 24 گھنٹے کے اندر جواب طلب کیا ہے ۔قابل ذکر ہیکہ ریاست کے برخاست وزیر کپّل مشرا پہلے ہی یہ الزام لگا چکے ہیں کہ محکمہ صحت میں وسیع سطح پر بدعنوانی ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس میں بالواسطہ طور پر مسٹر کجریوال اور وزیر صحت ستیندر جین کے ملوث ہونے کی بات بھی کہی ہے ۔