حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) گچی باؤلی علاقہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں تیز رفتار آر ٹی سی بس نے تین افراد کو روند ڈالا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی بس ڈپو سے تعلق رکھنے والی کوٹھی ۔ لنگم پلی بس سرویس نے آج صبح 6 بجکر 45 منٹ پر گچی باؤلی بس اسٹانڈ پر کھڑے ہوئے تین مسافرین کو روند ڈالا۔ اِس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور رائے درگم پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر پنچنامہ کیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ بس کی ٹکر سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت جناردھن جو سافٹ ویر انجینئر بتایا جاتا ہے اور دیگر دو آٹو ڈرائیور دشرتھ ساکن نانک رام گوڑہ اور پرانا شہر سے تعلق رکھنے والے عبدالحمید کی حیثیت سے کی گئی۔ رائے درگم پولیس نے بتایا کہ بس ڈرائیور انتہائی لاپرواہی سے بس چلاتے ہوئے بس اسٹاپ میں گھس پڑا۔ بعدازاں وہاں سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے حادثہ میں ہلاک ہونے والے تینوں افراد کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور آر ٹی سی ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے بس ضبط کرلی۔