ہفتہ کو جنوبی آفریقہ کے خلاف پانچواں اور فیصلہ کن ونڈے
ہیملٹن (نیوزی لینڈ)۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) زخموں سے صحت یابی کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم میں واپسی کرنے والے اوپنر مارٹن گپٹل نے ریکارڈ ساز اور ناقابل تسخیر 180 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو 7 وکٹوں کی کامیابی دلوائی اور جنوبی آفریقہ کے خلاف پانچ مقابلوں کی سیریز کو 2-2 سے برابر کردیا ہے اور اب سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن ونڈے ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔ گپٹل جوکہ صحت کی خرابی کی وجہ سے پانچ ہفتہ ٹیم سے دور رہے لیکن انہوں نے واپسی کے ساتھ ہی ریکارڈ 180 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 11 چھکے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں سینئر بیٹسمین راس ٹیلر کے ہمراہ انہوں نے 180 رنز کی پارٹنرشپ بھی نبھائی جنہوں نے 66 رنز کا تعاون دیا۔ اس اننگز پر اظہار خیال کرتے ہوئے گپٹل نے کہا کہ اس مقابلے میں ہر چیز منصوبہ کے تحت آگے بڑھی۔ گپٹل جوکہ جنوبی آفریقہ کے خلاف سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے نیوزی لینڈ کے بیٹسمین بن گئے ہیں، کامیابی کیلئے مطلوبہ 280 رنز کا نشانہ میزبان ٹیم نے 5 اوورس قبل ہی حاصل کرلیا ہے۔ قبل ازیں میزبان اسپنر جیتن پٹیل نے وکٹ کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنوبی آفریقہ جوکہ پہلے بیٹنگ کررہی تھی، اسے ابتدائی نقصانات سے دوچار کیا۔ ایک موقع پر مہمان ٹیم 158 رنز پر اپنے 6 وکٹس گنوا چکی تھی، اس وقت کپتان اے بی ڈی ویلیئرس نے کرس مورس (28) کے ہمراہ ایک بہتر پارٹنرشپ نبھائی۔ ڈی ویلیئرس نے ایک اور شاندار اننگز کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ اور غیرمفتوح 72 رنز اسکور کئے۔ ڈی ویلیئرس نے 59 گیندوں کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ دیگر بیٹسمنوں میں ہاشم آملہ نے ساتھی اوپنر ڈی کاک (0) کے جلد آؤٹ ہونے کے باوجود 38 گیندوں میں 6 چوکے اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 40 رنز بنائے۔ فاف ڈوپلیسی نے 97 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پارنل نے 12 گیندوں میں 2 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 29 رنز اسکور کئے۔ پٹیل نے 97 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرس حریف اوپنر مارٹن گپٹل کی شاندار اننگز کی ستائش کرنے کے علاوہ کہا کہ مقابلہ میں چند مقامات پر ہمیں اپنے مظاہروں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ڈی ویلیئرس کے بموجب گپٹل نے ایک غیرمعمولی اننگز کھیلی اور وہ اس اننگز کے دوران مہمان بولروں کیلئے قابو سے باہر نظر آرہے تھے۔ گپٹل جنہوں نے 38 گیندوں میں اپنے پہلے 50 رنز اسکور کئے تھے، اور انہیں 62 رنز کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا تھا جو بعد میں ڈی آر ایس کے ذریعہ تبدیل کیا گیا۔